فاران یامین: ایس پی بلال احمد کی زیرِ صدارت تمام ایس ایچ اوز کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں یومِ شہادت حضرت علیؓ کے مرکزی جلوس کے سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں اندرون سٹی کے ایس ایچ اوز کو جلوس کے روٹ سے متعلق خصوصی ہدایات جاری کی گئیں۔ ایس پی سٹی بلال احمد نے ہدایت کی کہ جلوس کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے اور روٹس کے گرد و نواح میں سرچ آپریشنز کو یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے ہدایت دی کہ جلوس کے راستوں پر واقع گھروں، دکانوں اور کرایہ داروں سے شورٹی بانڈ لیے جائیں جبکہ اپنے اپنے علاقوں میں مقیم کرایہ داروں کا مکمل اندراج بھی یقینی بنایا جائے۔ سکیورٹی سے متعلق درپیش مسائل کو اولین ترجیح پر حل کرنے اور جلوس کے منتظمین سے میٹنگ کر کے ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے کا بھی حکم دیا گیا۔
ایس پی سٹی نے مفرور اشتہاریوں اور عادی ملزمان کے خلاف مقررہ ٹارگٹس مکمل کرنے، متحرک اسٹریٹ کریمنلز اور نقب زنوں کو گرفتار کرنے کی ہدایت کی۔ جھپٹا اور موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں کے انسداد کے لیے مؤثر اقدامات کرنے پر بھی زور دیا گیا۔
انہوں نے واضح کیا کہ جرائم پر کنٹرول اور کارکردگی میں بہتری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ قمار بازوں، قحبہ خانے چلانے والوں اور منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رکھنے کا حکم دیا گیا۔
اجلاس میں 15 پر موصول ہونے والی کالز پر فوری ریسپانس اور قانون کے مطابق کارروائی یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی گئی۔ غیر قانونی اسلحہ، ہوائی فائرنگ اور ون ویلنگ کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کا حکم دیتے ہوئے ایس پی سٹی نے کہا کہ اسٹریٹ کرائم پر مکمل کنٹرول کے لیے ہاٹ سپاٹ ایریاز کی خود نگرانی کی جائے۔