ویب ڈیسک: سندھ حکومت نے میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات کے نتائج جاری کرنے کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت مختلف جماعتوں کے نتائج مقررہ تاریخوں تک جاری کیے جائیں گے۔
صوبائی وزارتِ جامعات و تعلیمی بورڈز کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سندھ بھر کے تمام تعلیمی بورڈز میٹرک کے نتائج 10 جولائی تک جبکہ انٹرمیڈیٹ کے نتائج 31 جولائی تک جاری کریں گے۔
یہ فیصلہ صوبائی وزیر محمد اسماعیل راہو کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں کیا گیا، جس میں میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات اور نتائج کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران مختلف تعلیمی بورڈز کے چیئرمینز نے امتحانات کے انعقاد اور نتائج کی تیاری سے متعلق پیش رفت پر بریفنگ دی۔ صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ نتائج مقررہ وقت کے اندر جاری کیے جائیں تاکہ طلبہ کو اعلیٰ تعلیمی اداروں میں داخلوں کے مراحل میں کسی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ امتحانی نظام میں شفافیت، میرٹ اور انتظامی بہتری کے لیے حکومت ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔
اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ نویں اور گیارہویں جماعت کے نتائج 31 اگست تک جاری کرنا تمام تعلیمی بورڈز کے لیے لازمی ہوگا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ سکھر ڈویژن میں امتحانات کے دوران ناقص کارکردگی دکھانے والے عملے کی ڈیوٹیاں ختم کر دی گئی ہیں، جبکہ کراچی میں انٹرمیڈیٹ کے امتحانات 15 جون کو مکمل ہونے کے بعد جوابی کاپیوں کی جانچ کا عمل تیزی سے شروع کر دیا جائے گا۔