جنید ریاض:محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب نے صوبہ بھر کے ہائی اور ہائر سیکنڈری سکولوں میں قائم پرائمری سیکشنز کی نگرانی کے لیے نیا مانیٹرنگ نظام نافذ کر دیا ہے۔
محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری ہدایات کے مطابق اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسرز (AEOs) کو اپنے متعلقہ مراکز میں ہائی اور ہائر سیکنڈری سکولوں کے پرائمری حصوں کی مانیٹرنگ کی اضافی ذمہ داری سونپ دی گئی ہے۔
نئے نظام کے تحت ماہانہ مانیٹرنگ ایپ میں پرائمری سیکشن کی نگرانی کا آپشن بھی فعال کر دیا گیا ہے، جس کے ذریعے اے ای اوز اپنی مانیٹرنگ رپورٹس آن لائن جمع کرا سکیں گے۔
ڈائریکٹر جنرل مانیٹرنگ نے تمام اضلاع میں نئی ہدایات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم دیا ہے، جبکہ چیف ایگزیکٹو آفیسرز (سی ای اوز) کو بھی نئی مانیٹرنگ پالیسی فوری طور پر نافذ کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
محکمہ تعلیم پنجاب نے احکامات پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے باقاعدہ مراسلہ جاری کر دیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ نئے مانیٹرنگ نظام سے پرائمری سیکشنز کی کارکردگی، طلبہ کی حاضری، تدریسی عمل اور تعلیمی معیار کی بہتر نگرانی ممکن ہو سکے گی۔