سٹی 42: نوشہرہ تھانہ اضاخیل کے علاقے اضاخیل بالا میں 3 معصوم بچوں کے لرزہ خیز قتل کا معمہ حل ہو گیا ہے، جب کہ اس اندوہناک واقعے میں انکشاف ہوا ہے کہ بچوں کو ان کی سگی دادی نے زہر دے کر مارا
واقعے کی تہہ میں ساس، بہو کے درمیان گھریلو تنازعات کی طویل چپقلش سامنے آئی ہے۔ پولیس نے ملزمہ شاہین بی بی کو گرفتار کر لیا ہے، جب کہ مزید تفتیش جاری ہے 19 مئی 2025 کو قاضی حسین احمد میڈیکل کمپلیکس میں بخت شیر ولد محمد شیر ساکن اضاخیل بالا نے پولیس کو رپورٹ درج کروائی کہ اس کے تین بچے، حریم، مریم اور یامان، زہریلی شے کے باعث جاں بحق ہو گئے، جب کہ ان کی والدہ ماریہ معجزانہ طور پر بچ گئیں
۔ پولیس نے فوری طور پر مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کٰیں تو مدعی بخت شیر اور اس کی اہلیہ ماریہ نے ایڈیشنل سیشن جج عثمان کی عدالت میں بیان قلمبند کرواتے ہوئے الزام عائد کیا کہ بچوں کی دادی، یعنی مدعی کی والدہ شاہین بیوہ محمد شیر نے گھریلو ناچاقی کی بنیاد پر ان کی بیوی اور بچوں کو زہریلی شے دی، جس سے تینوں بچے موقع پر دم توڑ گئے
پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزمہ شاہین بی بی کو گرفتار کر لیا ہے اور اس سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔ مقدمہ انتہائی حساس نوعیت کا ہے اور پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تمام شواہد کی روشنی میں کارروائی آگے بڑھائی جا رہی ہے