سٹی 42 : وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور عوام کو آزادی کی مبارکباد پیش کرتا ہوں، دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کیلئے پرعزم ہیں ۔
اسلام آباد میں امریکا کی آزادی کی 249 ویں سالگرہ کے حوالے سے تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ وزیراعظم شہبازشریف اور وزیرداخلہ محسن نقوی نے تقریب میں شرکت کی۔
وزیراعظم شہبازشریف نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ امریکا کو 249 یوم آزادی کی مبارکباد پیش کرتاہوں، پاکستانی عوام کی جانب سے امریکی عوام کو مبارکباد دیتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان تاریخی تعلقات ہیں، پاکستان اور امریکا کے تعلقات نئے دور میں داخل ہو رہے ہیں، دونوں ملکوں کے تعلقات مضبوط بنانے کے لے پر عزم ہیں، دونوں ملک جمہوریت روایات اور آئین کی بالا دستی پر یقین رکھتے ہیں۔
شہباز شریف نے کہاکہ امریکا پہلا ملک ہے جس نے پاکستان کو 1947 میں تسلیم کیا ، امریکا اور پاکستان میں 1950 میں شراکت داری شروع ہوئی، امریکا اور پاکستان دوستی کے نئے رشتے میں داخل ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں ڈیموں کی تعمیر میں امریکا نے تعاون کیا ۔
پہلگام واقعہ بھارت کا فالس فلیگ آپریشن تھا، پاکستان اور بھارت کی جنگ 4 دن جاری رہی، بھارت پہلگام واقعہ کے ثبوت دنیا کونہیں دکھا سکا، پاکستان نے بھارت کے 6 طیارے مار گرائے، بھارت نے پاکستان کی شہری آبادی اور بچوں کو نشانہ بنایا، پاکستان نے بھارتی جارحیت کے جواب میں اپنے دفاع کا حق استعمال کیا ، پاکستان کے بھرپور جواب پر جنگ بندی کی پیش کش ہوئی ۔ انہوں نے کہا کہ امریکی دوستوں نے خلوص سے کہا پاکستان کو تحمل کامظاہرہ کرناچاہیے، پاکستان نے امن کیلئے سیز فائر کی درخواست قبول کی ۔
وزیراعظم نے قیام امن کیلئے امریکی صدر کے کردار کی تعریف کی ۔ انہوں نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کولڈ وار، اور ہاٹ وار کے خلاف ہیں، صدر ٹرمپ نے بلاشبہ ثابت کردیا وہ امن کے پیامبر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکی صدرنے پاکستان اور بھارت پرتجارت اور سرمایہ کاری کیلئے زوردیا ۔