بسام سلطان : ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا کا ماڈل ٹاؤن کا دورہ، صفائی و نکاسی آب کے مسائل پر فوری اقدامات کی ہدایت کی۔
ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا نے تحصیل ماڈل ٹاؤن کا دورہ کیا، جہاں اُن کے ہمراہ چیف آفیسر میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور شاہد عباس کاٹھیا اور اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹاؤن عبدالباسط صدیقی بھی موجود تھے۔ اس موقع پر اے سی ماڈل ٹاؤن نے صفائی، نکاسی آب اور دیگر انتظامی امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔
ڈپٹی کمشنر نے شنگھائی روڈ اور اطراف کے علاقوں کا معائنہ کیا اور جاری تجاوزات کے خلاف آپریشن کا جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ مسائل کے فوری حل کیلئے مؤثر اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔
ڈپٹی کمشنر نے ایل ڈبلیو ایم سی کو صفائی کے نظام میں فوری بہتری لانے کی ہدایت دی جبکہ واسا کو نکاسی آب کے مسائل پر فوری کارروائی کا حکم جاری کیا۔ انہوں نے کہا کہ کلین لاہور مشن کی کامیابی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے کوڑا کرکٹ جلانے کے واقعات پر سخت کارروائی کی ہدایت کی اور رہائشی علاقوں میں موجود جھگیوں اور مویشیوں کو فوری طور پر ہٹانے کا حکم دیا۔
ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا نے کہا کہ تمام ادارے بہتر کوآرڈی نیشن کے ساتھ اپنے فرائض سر انجام دیں تاکہ عوام کو فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے۔