( حافظ شہباز علی ) ممکنہ دورہ انگلینڈ کیلئے قومی کھلاڑیوں کا تر بیتی کیمپ پی سی بی کیلئے چیلنج بن گیا، ابھی تک کیمپ کے لئے بائیو سیکیور ماحول یقینی نہ بن سکا، کیمپ پاکستان میں لگانے کی بجائے انگلینڈ میں لگانے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی سی بی میڈیکل ٹیم ڈاکٹر سہیل سلیم کی زیر نگرانی بائیو سیکیور کے ایس او پیز بنانے میں مصروف ہے۔ ایس او پیز کی تیاری کے بعد کیمپ کی اجازت کیلئے حکومت سے رابطہ کیا جائے گا۔
کھلاڑیوں کا انتخاب کرنے کے لئے سلیکشن کمیٹی کا اجلاس بھی ملتوی ہوگیا ہے۔ کیمپ کی تاریخوں اور دورانیے کا حتمی فیصلہ آئندہ ہفتے کیا جائے گا جس کے بعد قومی سلیکشن کمیٹی کے اجلاس میں کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جائے گا۔
ادھر کیمپ کے انعقاد کے حوالے سے مختلف تجاویز بھی سامنے آئی ہیں۔ کیمپ شروع ہونے کے بعد کھلاڑی دورے کے اختتام تک گھر والوں سے بھی نہیں ملیں گے۔ پہلی تجویز کے مطابق کیمپ دو حصوں میں لگایا جائے۔
روانگی سے دس روز قبل صرف منتخب کھلاڑیوں کا کیمپ لگانے کی تجویز بھی سامنے آئی ہے۔ کورونا وائرس ٹیسٹ کرواکے ٹیم کو انگلینڈ بھجوانے اور کیمپ انگلینڈ میں لگانے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔