رانا آزار: پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) اور ایبٹ آباد یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے درمیان ہائی پرفارمنس کرکٹ سینٹر کے قیام کے لیے 25 سالہ معاہدہ طے پا گیا۔
معاہدے کے تحت یونیورسٹی اپنے کیمپس میں کرکٹ گراؤنڈ کے لیے زمین فراہم کرے گی، جبکہ گراؤنڈ کی تعمیر، جدید پویلین، اعلیٰ معیار کی میچ اور پریکٹس پچز اور دیگر کرکٹ سہولیات پاکستان کرکٹ بورڈ تعمیر کرے گا۔
ایبٹ آباد یونیورسٹی کھلاڑیوں اور کوچز کے لیے ہاسٹل اور میس کی سہولیات بلا معاوضہ فراہم کرے گی، جبکہ گراؤنڈ کو ڈومیسٹک کرکٹ کے معیار کے مطابق جدید مشینری اور سہولیات سے آراستہ کیا جائے گا۔
اس منصوبے سے ایبٹ آباد ریجن کے انڈر 15، سکول، فرسٹ کلاس اور دیگر ڈومیسٹک کرکٹرز کو تربیت کے بہتر مواقع میسر آئیں گے۔ پی سی بی سال بھر اس گراؤنڈ کو ریجنل ٹریننگ کیمپس اور ریجنل کرکٹ اکیڈمی کے طور پر بھی استعمال کرے گا۔
معاہدے پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے سینئر جنرل منیجر ڈومیسٹک کرکٹ آپریشنز اور ایبٹ آباد یونیورسٹی کے حکام نے دستخط کیے۔