شہر: بادامی باغ پولیس نے گھر میں گھس کر 25 لاکھ روپے مالیت کے طلائی زیورات، نقد رقم اور پرائز بانڈز چوری کرنے کی واردات میں ملوث میاں بیوی کو گرفتار کر لیا۔
ایس پی سٹی کے مطابق گرفتار ملزمان عامر اور اس کی بیوی گھر والوں کی غیر موجودگی میں وارداتیں کرتے تھے اور اس انداز سے گھروں میں داخل ہوتے کہ کسی کو ان پر شک بھی نہیں ہوتا تھا۔ ملزمان ایک گھر سے تقریباً 25 لاکھ روپے مالیت کے طلائی زیورات، نقد رقم اور پرائز بانڈز چرا کر فرار ہو گئے تھے۔
پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرنے کے بعد جدید ٹیکنالوجی، سی سی ٹی وی کیمروں اور ہیومن انٹیلی جنس (ہیومن ریسورس) کی مدد سے ملزمان کا سراغ لگایا اور انہیں گرفتار کر لیا۔
ایس پی سٹی کے مطابق ملزمان کے قبضے سے چوری شدہ طلائی زیورات، نقد رقم اور ایک موبائل فون بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کو مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے، جہاں ان سے دیگر وارداتوں کے حوالے سے بھی پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔