ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

نویں، دسویں محرم الحرام کیلئے جامع ٹریفک ایڈوائزری پلان

 نویں، دسویں محرم الحرام کیلئے جامع ٹریفک ایڈوائزری پلان
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 عابد چودھری:سٹی ٹریفک پولیس لاہور نے نویں اور دسویں محرم الحرام کے لئے جامع ٹریفک ایڈوائزری پلان تشکیل دے دیا، نویں،دسویں محرم الحرام کو شہر میں 600 سے زائد مجالس اور شہر کے مختلف مقامات سے 117 کے قریب جلوس برآمد ہونگے۔

تفصیلات کےمطابق نویں،دسویں محرم الحرام کو شہر کے مختلف علاقوں سے 05 بڑے جلوس برآمد ہونگے، شہریوں،زائرین اور شرکاء ذوالجناح پروسیشنز کےلئے بہترین اقدامات کئے گئے ہیں۔

جلوسوں کے روٹس،پارکنگ و ڈائیورشن پوائنٹس کو فرداً فرداً چیک کرتے ہوئے ڈیوٹی تعینات کی گئی ہے، دو زونل ایس ایس پیز چار ڈویژنل ایس پیز اور 21 ڈی ایس پیز تمام مجالس اور جلوسوں کی نگرانی کریں گے۔

 سی ٹی او لاہور ڈاکٹر اطہر وحید کا کہنا تھا کہ مجموعی طور پر چار سو سے زائد ٹریفک انسپکٹرز اور 22 سو سے زائد ٹریفک اہلکار ڈیوٹی دیں گے،نویں محرم کا بڑا جلوس پانڈواسٹریٹ سے خیمہ سادات اور پھر پانڈو اسٹریٹ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔

دوسرا بڑا جلوس قصرِ بتول شادمان سے برامد ہوگا،یوم عاشور کا مرکزی جلوس نثار حویلی سے برآمد ہوکر قدیمی راستوں سے ہوتا ہوا کربلا گامے شاہ اختتام پذیر ہوگا،نبی پور شیعاں لال پل، ماڈلٹاؤن، چوہنگ اور ٹھوکر نیاز بیگ سے ذوالجناح برآمد ہونگے۔

کسی بھی ناگہانی صورتحال میں ایمرجینسی گاڑیوں کےلئے فوری راستہ کلئیر رکھا جائے گا،سوشل میڈیا اور راستہ ایپ سے ٹریفک صورتحال بارے لمحہ بہ لمحہ آگاہ رکھا جائے گا۔

شہریوں کو ہمہ وقت ہیلپ لائن 15 پر مدد اور راہنمائی فراہم کی جائے گی،سٹی ٹریفک پولیس امن و عامہ کی صورتحال کو برقرار رکھنے کےلئے الائیڈ محکموں کو بھرپور معاونت فراہم کریں گے۔

سی ٹی او نے وارڈنز کو لاوارث اشیاء اور مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھنے کا حکم دیا، مزید کہا کہ شہری ٹریفک ایڈوائزری پلان پر عمل پیرا ہوتے ہوئے اپنے سفر پر گامزن رہیں۔