ویب ڈیسک: روسی فیڈریشن کی وزارتِ خارجہ کا امریکہ کی وینزویلا کے خلاف مسلح جارحیت پر بیان، کہا آج امریکہ نے وینزویلا کے خلاف مسلح جارحیت کا ارتکاب کیا، جو باعث تشویش اور قابلِ مذمت ہے، ان اقدامات کو جائز ٹھہرانے کے لیے پیش کیے گئے جواز ناقابلِ قبول ہیں۔
ترجمان روسی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ نظریاتی دشمنی نے عملی اور حقیقت پسندانہ سفارت کاری، اعتماد پر مبنی تعلقات پر غلبہ پا لیا ہے، موجودہ صورتحال میں ضروری ہے کہ مزید کشیدگی کو روکا جائے،بات چیت کے ذریعے حل تلاش کرنے پر توجہ دی جائے۔
ہمارا مؤقف ہے کہ ایک دوسرے کے خلاف تحفظات یا شکایات رکھنے والے تمام فریقین کو مذاکرات پر مبنی طریقۂ کار کے ذریعے حل تلاش کرنا چاہیے،ہم ایسی کوششوں کی حمایت کے لیے تیار ہیں۔
لاطینی امریکہ کو امن کا خطہ برقرار رہنا چاہیے جیسا کہ اس نے 2014 میں خود کو قرار دیا تھا، وینزویلا کو یہ حق حاصل ہونا چاہیے کہ وہ کسی بھی قسم کی تباہ کن، بالخصوص فوجی، بیرونی مداخلت کے بغیر اپنی تقدیر کا خود فیصلہ کرے۔
ہم وینزویلا کے عوام کے ساتھ اپنی یکجہتی کا اعادہ کرتے ہیں اور اس کی بولیویرین قیادت کی جانب سے اختیار کی گئی پالیسی کی حمایت کرتے ہیں، جس کا مقصد ملک کے قومی مفادات اور خودمختاری کا تحفظ ہے۔
ہم وینزویلا کے حکام اور لاطینی امریکی ممالک کے رہنماؤں کے ان بیانات کی حمایت کرتے ہیں جن میں اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کا فوری اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
کراکس میں روسی سفارت خانہ زمینی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے معمول کے مطابق کام کر رہا ہے اور وینزویلا کے حکام کے ساتھ ساتھ وہاں موجود روسی شہریوں سے مسلسل رابطے میں ہے۔
اس وقت تک ایسی کوئی اطلاع موجود نہیں کہ روسی فیڈریشن کا کوئی شہری زخمی ہوا ہو۔