ممتازشگری: آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ نئی ٹی ٹوئنٹی پلیئرز رینکنگ میں قومی کرکٹر صائم ایوب ایک بار پھر سرفہرست آ گئے ہیں۔ صائم ایوب نے 290 پوائنٹس کے ساتھ تمام آل راؤنڈرز کو پیچھے چھوڑتے ہوئے نمبر ون پوزیشن حاصل کر لی ہے۔
زمبابوے کے سکندر رضا ایک درجے تنزلی کے بعد دوسرے نمبر پر چلے گئے ہیں، جبکہ بھارت کے ہاردک پانڈیا تیسری پوزیشن پر موجود ہیں۔ پاکستان کے محمد نواز آل راؤنڈرز کی فہرست میں چوتھے نمبر پر آ گئے ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی بولرز کی رینکنگ میں بھارت کے ورون چکرورتی پہلی پوزیشن پر برقرار ہیں، جبکہ پاکستان کے ابرار احمد دو درجے ترقی کے بعد دوسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ افغانستان کے اسٹار اسپنر راشد خان ایک درجے تنزلی کے بعد تیسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی بیٹرز کی رینکنگ میں بھارت کے ابھیشیک شرما بدستور پہلے نمبر پر ہیں، انگلینڈ کے فل سالٹ دوسرے اور جوز بٹلر تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔ پاکستان کے صاحبزادہ فرحان دو درجے تنزلی کے بعد ساتویں نمبر پر چلے گئے ہیں، جبکہ سلمان علی آغا 12 درجے ترقی کے بعد 29ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔