ویب ڈیسک : فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون تین روزہ سرکاری دورے پر چین پہنچ گئے، چینی صدر شی جن پنگ نے اپنے فرانسیسی ہم منصب کا بیجنگ پہنچنے پر پُرتپاک استقبال کیا۔
یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب یورپ اور چین کے درمیان تجارتی اور سکیورٹی تعلقات نازک مرحلے میں ہیں۔ اس دورے کا مقصد یورپی مفادات کی حفاظت کے ساتھ چین کے ساتھ تجارتی و اقتصادی توازن برقرار رکھنا ہے۔
ایمانوئل میکرون ماضی میں یورپ کی مشترکہ اور مضبوط پالیسی کے ساتھ چین سے نمٹنے کی کوشش کرتے رہے ہیں، مگر ساتھ ہی وہ اس بات کا بھی خیال رکھتے ہیں کہ بیجنگ ناراض نہ ہو۔
فرانسیسی صدر میکرون نے کہا کہ فرانس اور چین کو اپنے اختلافات پر قابو پانا ہوگا، کبھی کبھار اختلافات ہوتے ہیں، ہماری ذمہ داری ہے کہ ان پر قابو پائیں، ایک ساتھ کام کرنے کی صلاحیت فیصلہ کن حیثیت رکھتی ہے، دنیا میں امن و استحکام کے حصول کے لیے دونوں ممالک کا تعاون ضروری ہے۔
چینی صدر شی جن پنگ نے کہا کہ چین کسی بھی قسم کی مداخلت کو دور رکھنے اور جامع اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے کے لیے فرانس کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے۔