سیالکوٹ واقعے کا مرکزی ملزم گرفتار

Sialkot Incident
کیپشن: Sialkot Incident
سورس: Sialkot Incident
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(مانیٹرنگ ڈیسک) پنجاب پولیس نے سیالکوٹ واقعہ کے مرکزی ملزم کو گرفتار کرلیا،ملزم کے خلاف پولیس کی مدعیت میں دہشتگردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق پولیس نے تشدد کرنے اور اشتعال انگیزی میں ملوث ملزمان میں سے ایک مرکزی ملزم فرحان ادریس کوگرفتار کر لیا ، مرکزی ملزم فرحان ادریس کو ویڈیو میں تشدد کرتے اور اشتعال دلاتے دیکھا جا سکتا ہے، اس کے علاوہ ملزم نے خود میڈیا پر آکر سری لنکن شہری کے قتل کا اعترافی بیان دیا تھا۔

ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ واقعہ میں ملوث 110 سے زائد  ملزمان کو حراست میں لےلیا ہے، جن کے کردار کا تعین سی سی ٹی وی فوٹیج سے کیا جا رہا ہے۔ حراست میں لیے گئے ملزمان سے تفتیش جاری ہے جس سے دیگر ملزمان کی نشاندہی میں مدد مل رہی ہیں۔

خیال رہے کہ جمعہ کے روز سیالکوٹ میں ایک لیدر فیکٹری کے ورکرز نے سری لنکن منیجر پر مذہبی پوسٹر اتارنے کا الزام لگاتے ہوئے تشدد کیا اور اسے قتل کردیا، بعد ازاں مشتعلق ہجوم سری لنکن شہری کی لاش کو گھسیٹ کر چوک میں لے گیا اور اسے آگ لگا دی۔  

واقعے کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر سامنے آئیں تو دیکھنے والوں کے دل دہل گئے، وزیر اعظم عمران خان نے واقعے کا نوٹس  لیتے ہوئے فوری کارروائی کا حکم دیا جس پر پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج اور سوشل میڈیا ویڈیوز کے ذریعے ملزمان کی تلاش شروع کردی۔

آئی جی پنجاب راؤ سردار سارے معاملہ کی خود نگرانی کر رہے ہیں،آر پی او گوجرانولہ، ڈی پی او سیالکوٹ سمیت سینئر پولیس افسران فیلڈ میں موجود ہیں۔