13 دسمبر جلسہ مہم، (ن) لیگ نے ریلیوں کا شیڈول تیار کرلیا

13 دسمبر جلسہ مہم، (ن) لیگ نے ریلیوں کا شیڈول تیار کرلیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ماڈل ٹاؤن (فاران یامین، عمراسلم، سعدیہ خان) سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ جب تک پنجاب نہیں جاگے گا پاکستانیوں کو حقوق نہیں ملیں  گے۔ اس بار پنجاب آئین کی حکمرانی کا فیصلہ کرے گا۔

سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ اگر ملک آئین کے مطابق نہیں چلے گا تو مسائل پیدا ہوں گے، ہمارا اختلاف کسی ادارے سے نہیں بلکہ الیکشن متنازع بنانے والی سوچ سے ہے، 13 دسمبرکے جلسہ سے ہمیں آئین توڑنے والوں کو گھر بھیجنا ہوگا، مسلم لیگ( ن) کی جانب سے ہربنس پورہ میں جلسہ کا اہتمام کیا گیا۔

جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے اس منحوس حکومت کو ایک دھکا اور دیں گے، جلسے میں صدر مسلم لیگ (ن) لاہور ایم این اے پرویز ملک، جنرل سیکرٹری مسلم لیگ (ن) لاہور خواجہ عمران نذیر، (ن) لیگی ایم این اے علی پرویز ملک، ایم پی اے چوہدری شہباز، ایم پی اے باؤ اختر، ایم پی اے کنول لیاقت سمیت کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ مریم نواز جلسے کی کامیابی کے حوالے سے شہر کے مختلف حلقوں میں ریلیاں نکالیں گی۔ وہ 7 دسمبرکو ایم این اے روحیل اصغرکے دفتر داروغہ والا سے کپ سٹور جی ٹی روڈ شاہدرہ تک ریلی نکالیں گی اور کارکنوں سے مختلف مقامات پر خطاب کریں گی

۔جلسے کے انتظامات کے حوالے سے مسلم لیگ (ن )سیکرٹریٹ میں منعقدہ اجلاس میں جلسہ کو کامیاب بنانے کیلئے مختلف فیصلے کئے گئے۔ ذرائع کے مطابق 7 دسمبر کو مریم نواز تین حلقوں کا دورہ کریں گی، مریم نواز این اے 128کے ایم این اے الحاج شیخ روحیل اصغر کے دفتر داروغہ والا سے براستہ کپ سٹور جی ٹی روڈ پہنچیں گی جہاں مسلم لیگ (ن) کے رہنما میاں مجتبیٰ شجاع الرحمان مریم نواز کا استقبال کریں گے۔

بعدازاں ریلی کی صورت میں مریم نواز کپ سٹور جی ٹی روڈ سے شاہدرہ پہنچیں گی جہاں ایم این اے ملک ریاض اور ایم پی اے سمیع اللہ خان استقبال کریں گے۔

 مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ13 دسمبر کو ہونے والا جلسہ تاریخی اورحکومت کے خلاف فیصلہ کن ہو گا۔ 

پیپلزپارٹی کے صدر قمرالزمان کائرہ کی زیرصدارت پی ڈی ایم کے لاہور کے جلسے کے حوالے سے لاہور کی تنظیم کا اجلاس ہوا، اس موقع پر انہوں نے کہاکہ حکومت عوام کی آواز کو دبا نہیں سکتی، 13 دسمبر کو عوام سٹرکوں پر آئے گی، حکومت کے اوچھے ہتھکنڈے پی ڈی ایم کی تحریک کو نہیں روک سکتے۔

پیپلز پارٹی سیکرٹریٹ میں منعقدہ اجلاس میں جنرل سیکرٹری چودھری منظور، صدر وویمن پنجاب ثمینہ خالد گھرکی، صدر لاہورعزیز الرحمان چن، جنرل سیکرٹری سونیا خان، صدر لاہور نرگس خان، عثمان ملک ،سینئر نائب صدر پنجاب اسلم گل سمیت لاہور کے تنظیمی عہدیدار شریک ہوئے۔ 

اجلاس میں13 دسمبر جلسے کے انتظامات اور پیپلز پارٹی کی شرکت اور تیاریوں کے حوالے سے مشاورت کی گئی، صدر پیپلز پارٹی پنجاب قمر الزمان کائرہ نے کہا کہ13 دسمبر کو لاہور میں عوامی احتجاج ہوگا۔ حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہوچکی ہے۔عوامی احتجاج کو روکا نہیں جاسکتا،کارکن پر امن رہیں 13 دسمبر کو جلسہ پر صورت کامیاب بنائیں گے۔

Sughra Afzal

Content Writer