ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

چیئرمین ایف بی آر کی کاروباری رہنماؤں سے ملاقات، ٹیکس نظام آسان بنانے پر اتفاق

چیئرمین ایف بی آر کی کاروباری رہنماؤں سے ملاقات، ٹیکس نظام آسان بنانے پر اتفاق
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

وقاص عظیم: وزیراعظم پاکستان کی ہدایات پر چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو ( ایف بی آر) نے کراچی میں ایف پی سی سی آئی اور پاکستان بزنس کونسل کے وفود سے ملاقات کی، جس میں کاروباری برادری کو درپیش مسائل اور ان کے حل کے لیے مختلف اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ایف بی آر کے مطابق ملاقات کے دوران کاروباری نمائندوں نے اپنے اہم مسائل سے چیئرمین ایف بی آر کو آگاہ کیا، جس پر دونوں جانب سے کاروباری ماحول کو بہتر بنانے اور مسائل کے فوری حل کے لیے اتفاق رائے پایا گیا۔

اجلاس میں کاروباری سہولیات میں بہتری، تاجروں کو ہراساں کیے جانے سے متعلق شکایات کے ازالے اور ٹیکس نظام میں شفافیت کو یقینی بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

چیئرمین ایف بی آر نے کہا کہ ٹیکس سے متعلق طریقہ کار کو مزید آسان بنایا جائے گا، زیر التوا ریفنڈز کی جلد ادائیگی یقینی بنائی جائے گی، جبکہ ٹیکس کمپلائنس کے نظام کو بھی زیادہ سادہ اور مؤثر بنایا جائے گا۔

انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ٹیکس دہندگان کے ساتھ ہر سطح پر منصفانہ اور باوقار رویہ اختیار کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ کاروباری اداروں کو ہراساں کرنے کی کسی بھی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

ایف بی آر کے مطابق کاروباری طبقے کی شکایات کے بروقت ازالے کے لیے ایک مستقل نظام قائم کیا جائے گا، جبکہ شفافیت بڑھانے کے لیے ایف بی آر کی اعلیٰ قیادت اور کاروباری برادری کے نمائندوں پر مشتمل مشترکہ کمیٹیاں بھی تشکیل دی جائیں گی۔

اجلاس میں شریک ایف پی سی سی آئی اور پاکستان بزنس کونسل کے وفود نے وزیراعظم پاکستان کے اس بروقت اور مثبت اقدام کو سراہتے ہوئے کاروباری مسائل کے حل کے لیے حکومتی کوششوں کا خیرمقدم کیا۔