خواجہ عرفان اللہ :سوات کے سیاحتی مقام مالم جبہ میں انزرو چینہ کے مقام پر لینڈ سلائیڈنگ سے متاثر ہونے والی سڑک کو ایک طرف سے ٹریفک کے لیے بحال کر دیا گیا ہے، جبکہ سڑک کی مکمل بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے۔
انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کی ٹیمیں موقع پر موجود ہیں اور مشینری کی مدد سے ملبہ ہٹا کر سڑک کو مکمل طور پر بحال کرنے کے لیے کام کر رہی ہیں۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق فی الحال روڈ کو ایک طرفہ ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے تاکہ آمدورفت جزوی طور پر بحال رہے، تاہم مکمل بحالی تک احتیاطی تدابیر اختیار کی جا رہی ہیں۔
حکام نے سیاحوں اور مقامی افراد سے اپیل کی ہے کہ بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور لینڈ سلائیڈنگ کے ممکنہ خطرات کے پیش نظر انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔