علی رامے:ہونہار سکالرشپ پروگرام کے فیز ٹو کی منظوری کے لیے سمری ایوانِ وزیراعلیٰ ارسال کر دی گئی ہے۔ پروگرام کے تحت رواں مالی سال میں 33 ارب روپے خرچ کیے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق ہونہار سکالرشپ پروگرام کے دوسرے مرحلے میں ذہین اور مستحق طلبہ کو دنیا کی ٹاپ رینکنگ یونیورسٹیوں میں اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لیے سکالرشپس فراہم کی جائیں گی۔
حکومت کی جانب سے بیرونِ ملک تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کی ٹیوشن فیس، رہائش اور دیگر تمام تعلیمی اخراجات برداشت کیے جائیں گے، جبکہ سکالرشپ حاصل کرنے والے طلبہ کو ماہانہ 65 سے 70 ہزار روپے تک وظیفہ بھی دیا جائے گا۔
حکام کے مطابق ہونہار سکالرشپ پروگرام کا مقصد باصلاحیت نوجوانوں کو عالمی معیار کی تعلیم کے مواقع فراہم کرنا اور انہیں ملکی و بین الاقوامی سطح پر کامیابی کے لیے تیار کرنا ہے۔
فیز ٹو کے آغاز سے مزید طلبہ کو دنیا کی معروف جامعات میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کا موقع ملے گا، جس سے نوجوانوں کی تعلیمی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں مزید بہتری آئے گی۔