ارباز خان: بڑھتی مہنگائی نے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے، جبکہ اشیائے خوردونوش کی قیمتیں سرکاری نرخوں سے تجاوز کر گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق دودھ کی سرکاری قیمت 170 روپے فی کلو مقرر ہے، تاہم اوپن مارکیٹ میں دودھ 240 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس مہنگائی پر قابو پانے میں ناکام دکھائی دیتے ہیں، جس کے باعث انہیں مہنگا دودھ خریدنے پر مجبور ہونا پڑ رہا ہے۔
دوسری جانب دہی کی سرکاری قیمت مقرر نہ ہونے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے دکاندار من مانے نرخ وصول کر رہے ہیں اور دہی 250 روپے فی کلو میں فروخت کیا جا رہا ہے۔
شہریوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ مہنگائی کا فوری نوٹس لیا جائے اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔