ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

ساندہ: ایک اور حواء کی بیٹی شوہر کے تشدد کا شکار

ساندہ: ایک اور حواء کی بیٹی شوہر کے تشدد کا شکار
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

فاران یامین،وقاص احمد: ساندہ کے علاقے میں گھریلو تشدد کا ایک افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے جہاں ایک خاتون مافیہ مبینہ طور پر اپنے شوہر کے تشدد کا نشانہ بن گئی۔

ذرائع کے مطابق متاثرہ خاتون کے مطابق اس کی شادی چار سال قبل ساندہ کے رہائشی آصف سے ہوئی تھی جبکہ وہ شادی کے پہلے دن سے ہی اس پر تشدد کرتا آ رہا ہے۔

خاتون کا کہنا ہے کہ جمعہ کے روز بھی شوہر نے اسے ڈنڈوں، سوٹوں اور مکوں سے بری طرح تشدد کا نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں اس کی آنکھ کی بینائی متاثر ہوئی، اور بعد ازاں اسے گھر سے نکال دیا گیا۔

متاثرہ خاتون کے مطابق شور سن کر اس کی بہن اسے اپنے گھر لے گئی، تاہم ملزم آصف نے دو بہنوئیوں کے ہمراہ وہاں بھی حملہ کیا اور مزید تشدد کیا۔

خاتون نے الزام عائد کیا کہ اس نے مددگار ہیلپ لائن 15 پر کال بھی کی، لیکن پولیس نے فوری کارروائی نہیں کی، یہاں تک کہ درخواست دینے کے باوجود کمپیوٹرائزڈ پرچی بھی فراہم نہیں کی گئی۔

متاثرہ خاتون کا مزید کہنا ہے کہ ملزم آصف اور اس کے دونوں بہنوئی اسے جان سے مارنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں، جس پر اس نے حکام سے فوری تحفظ اور انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

موجودہ تفصیلات کے مطابق  تمام ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے، پولیس نے مرکزی ملزم آصف کیساتھ بہنوئی امجد اور احمد کو بھی گرفتارکیا ہے ۔

ملزمان کے خلاف مقدمہ نمبر 644/26 درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا۔