ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

مفت سفری سہولیات کی فراہمی کا باقاعدہ آغاز ، انتظامات مکمل

مفت سفری سہولیات کی فراہمی کا باقاعدہ آغاز ، انتظامات مکمل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

رائو دلشاد: مریم نواز کی ہدایت پر پنجاب بھر میں عوام کو مشکل حالات میں ریلیف دینے کے لیے مفت سفری سہولیات کی فراہمی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے اس حوالے سے تمام ضروری انتظامات مکمل کر لیے ہیں، جس کے تحت میٹرو بس، اورنج لائن میٹرو ٹرین، سپیڈو اور الیکٹرک بسوں میں شہریوں کو مفت سفر کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

اعداد و شمار کے مطابق اورنج لائن ٹرین سے روزانہ 3 لاکھ سے زائد مسافر مفت سفر کریں گے، جبکہ لاہور میٹرو بس سے 1 لاکھ 40 ہزار سے زائد افراد مستفید ہوں گے۔

 اسی طرح سپیڈو بسز کے ذریعے پونے 2 لاکھ سے زائد اور گرین الیکٹرک بسوں کے ذریعے روزانہ تقریباً ساڑھے 17 ہزار مسافر مفت سفر کر سکیں گے۔

حکام کے مطابق پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے تحت روزانہ کم و بیش 9 لاکھ مسافر اس فری سفری سہولت سے فائدہ اٹھائیں گے، جبکہ 18 مختلف اضلاع میں بھی الیکٹرک بسوں کے ذریعے لاکھوں افراد کو ریلیف فراہم کیا جائے گا۔

صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے فری سفری سہولت کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس اقدام سے غریب اور متوسط طبقے کو بڑا ریلیف ملے گا۔

 انہوں نے مزید کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی آتے ہی ٹرانسپورٹ کرایوں میں بھی کمی کی جائے گی۔

واضح رہے کہ  پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی نے شہریوں کے لیے مفت سفری سہولیات کی فراہمی کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب بھر میں شہری سرکاری بسوں پر مفت سفر کر سکیں گے، جس کا مقصد عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔

حکام کے مطابق مفت سفری سہولت سے مستفید ہونے کے لیے شہریوں کے لیے شناختی کارڈ (آئی ڈی کارڈ) دکھانا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

اسی طرح طلبہ کے لیے بھی خصوصی سہولت فراہم کی گئی ہے، تاہم انہیں مفت سفر کے لیے اپنا اسٹوڈنٹ کارڈ دکھانا ہوگا۔