علی ساہی: پنجاب میں ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا کے حوالے سے بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے۔
ٹریفک حکام کے مطابق اوورسیز پاکستانیوں، غیر ملکی شہریوں اور دیگر صوبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کے لیے ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا کا طریقہ کار آسان بنانے کی تجویز تیار کر لی گئی ہے۔
ٹریفک حکام کا کہنا ہے کہ پہلے اس کیٹیگری کے شہریوں کو لازمی طور پر لرنر لائسنس بنوانا پڑتا تھا، تاہم نئی تجویز کے تحت انہیں لرنر لائسنس حاصل کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ ایسے شہری اپنا موجودہ ڈرائیونگ لائسنس دکھا کر براہِ راست ڈرائیونگ ٹیسٹ دے سکیں گے اور کامیابی کی صورت میں فوری لائسنس حاصل کر سکیں گے۔
حکام کے مطابق رائٹ ہینڈ ڈرائیونگ رکھنے والے غیر ملکی شہری بھی اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔ ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر نے اس حوالے سے سمری انسپکٹر جنرل پنجاب کو ارسال کر دی ہے، جبکہ منظوری ملنے کے بعد اس پالیسی پر پنجاب بھر میں عملدرآمد شروع کر دیا جائے گا۔