قذافی بٹ: صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال کا عاقل پورہ ڈھولنوال کا دورہ، علاقے میں جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا، انہوں نے کہا ہے کہ بلدیاتی بل پر آنیوالے اعتراضات جلد دور کرکے انتخابات کروائے جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر نے عاقل پورہ ڈھولنوال کا دورہ کیا، علاقہ مکینوں نے پرتپاک استقبال کیا، صوبائی وزیر نے علاقہ مکینوں کے مسائل سنے اور موقع پر احکامات جاری کیے، ٹاون انتظامیہ کے ذمہ داران موجود نہ ہونے پر صوبائی وزیر برہم ہوئے۔ میاں اسلم اقبال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی بل پر کچھ اعتراضات آئے ہیں انہیں دور کیا جارہا ہے، بلدیاتی اداروں کے انتخابات جلد کروائے جائیں گے، انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومتوں نے اداروں کے اختیارات سلب کیے ہیں لیکن ہم بلدیاتی اداروں کو بااختیار بنائیں گے۔
پنجاب حکومت کے33 فیصد فنڈز لوکل گورنمنٹ کے ذریعے استعمال کئے جائیں گے، ادارے غیر فعال ہیں اس لئے فنڈز استعمال کئے جا رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ مصنوعی مہنگائی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے لگے ہیں۔