سٹی 42 : چئیرمین پی سی بی محسن نقوی نے ٹیسٹ سکواڈ میں شامل کھلاڑیوں کو ڈومیسٹک میچز کھیلنے کی اجازت دے دی۔
ذرائع کے مطابق پاکستان ٹیسٹ اسکواڈ کے کیمپ میں شامل 4 کھلاڑی کیمپ چھوڑ کر ڈومیسٹک کرکٹ کھیلیں گے۔ کیمپ میں شریک محمد رضوان ، حسن علی، سلمان علی آغا اور ساجد خان کیمپ سے ریلیز کر دیئے گئے۔ یہ چاروں کھلاڑی ساؤتھ افریقہ کے خلاف سیریز سے قبل قائد اعظم ٹرافی کا میچ کھیلیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ محمد رضوان اور ساجد خان قائد اعظم ٹرافی میں پشاور کی نمائندگی کریں گے، جبکہ حسن علی سیالکوٹ اور سلمان علی آغا لاہور وائٹس کی نمائندگی کریں گے۔
چاروں کھلاڑی ساؤتھ افریقہ کے خلاف پہلے ٹیسٹ سے قبل ٹیم کو جوائن کریں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور ساؤتھ افریقہ کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 12 اکتوبر سے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا ۔