ویب ڈیسک : اسلام آباد کی ٹریفک پولیس نے شہریوں کی سہولت کے لیے چیک پوسٹوں پر لرننگ لائسنس جاری کرنے کا اعلان کر دیا۔
آئی جی اسلام آباد پولیس کی ہدایت پر اب شہری دارالحکومت کی مختلف چیک پوسٹوں پر لرننگ لائسنس فوری حاصل کر سکیں گے۔ اس حوالے سے سٹی ٹریفک افسر حمزہ ہمایوں نے کہا ہے کہ شہریوں کی آسانی کے لیے ڈرائیونگ لائسنس مہم میں نیا قدم اٹھایا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مہم کے دوسرے مرحلے میں زیرو پوائنٹ، فیض آباد، جی فورٹین اور فارن آفس چیک پوسٹس پر سہولت والی گاڑیاں کھڑی ہوں گی جہاں سے پرمٹ ملے گا۔
ٹریفک حکام کے مطابق جو شہری بغیر لائسنس گاڑی چلا رہے ہوں گے انہیں موقع پر ہی پرمٹ دے دیا جائے گا۔ حمزہ ہمایوں نے کہا کہ ٹریفک پولیس کی اس مہم کے باعث اسلام آباد میں لائسنس یافتہ ڈرائیوروں کی تعداد 80 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔ جس سے سڑکوں پر نظم و ضبط بہتر ہوا اور حادثات میں واضح کمی آئی ہے۔
حمزہ ہمایوں نے کہا کہ پولیس نے دو ہزار سے زیادہ ڈرائیوروں کے کاغذات چیک کیے۔ پہلے صرف 56 فیصد ڈرائیوروں کے پاس لائسنس تھا جو اب بڑھ کر 80 فیصد ہو گیا ہے۔ یعنی اب زیادہ تر گاڑیاں تربیت یافتہ افراد چلا رہے ہیں۔