ویب ڈیسک:دنیا کے بدنام ترین فن پاروں میں شمار ہونے والا 18قیراط خالص سونے کا ٹوائلٹ ’امریکا‘ اب نیلامی کے لیے پیش کیا جا رہا ہے۔
یہ ٹوائلٹ سوتھبیز نیویارک میں نیلام ہوگا جس کی ابتدائی بولی ایک کروڑ ڈالرز سے شروع ہوگی۔
نیویارک کے معروف نیلام گھر سوتھبیز کے مطابق اطالوی فنکار ماریزیو کیٹیلان کی یہ مجسماتی تخلیق ابتدائی طور پر کم از کم 1کروڑ امریکی ڈالرز کی قیمت سے بولی کے لیے رکھی گئی ہے، جو صرف اس کے سونے کی مالیت کے برابر ہے۔
دنیا کا مشہور سونے کا ٹوائلٹ ایک بار پھر خبروں میں ہے۔ یہ مکمل طور پر کارآمد ٹوائلٹ ہے، جو عین اُس ماڈل جیسا ہے جو 2019 میں انگلینڈ کے بلین ہیم پیلس سے چوری ہو کر عالمی شہرت حاصل کر چکا ہے۔
اس فن پارے کی 18 نومبر کو نیویارک میں سوتھبیز میں نیلامی ہوگی، یہ منفرد آرٹ ورک اطالوی فنکار موریزیو کیٹیلان (Maurizio Cattelan) کی تخلیق ہے۔
اس فن پارے کی دو نقول 2016 میں تیار کی گئیں، ان میں سے ایک 2017 سے ایک نامعلوم کلیکٹر کے پاس موجود ہے، جبکہ دوسری نیویارک کے گوگن ہائم میوزیم کے باتھ روم میں نمائش کے لیے رکھی گئی تھی۔
یہ منفرد فن پارہ نہ صرف اپنی قیمت اور تخلیق کی وجہ سے مشہور ہے بلکہ فن اور حقیقت کے درمیان طنزیہ توازن کے باعث بھی دنیا بھر کے شائقین کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔