سٹی42: تھانہ اچھرہ کی حدود میں پیسوں کے لین دین کا تنازع جان لیوا ثابت ہوا، نوجوان عمران اصغر کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا۔
ترجمان پولیس کے مطابق واقعہ اچھرہ کے علاقے میں واقع ماہم اپارٹمنٹس میں پیش آیا۔ مقتول عمران اصغر یونیورسٹی آف لاہور میں ایل ایل بی کا طالبعلم تھا۔ ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزم معاذ نے مقتول سے بیرون ملک طالبعلموں کو بھیجنے کے لیے کروڑوں روپے لیے تھے۔ عمران اصغر ملزم معاذ سے رقم کی واپسی کا مطالبہ کر رہا تھا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم معاذ نے اپنے دو ساتھیوں کے ہمراہ فائرنگ کر کے عمران کو قتل کیا اور واقعے کے بعد تینوں ملزمان موقع سے فرار ہو گئے۔
پولیس نے عمران اصغر کی لاش قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کر دی ہے جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔