(سٹی 42) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے قومی اسمبلی کی نشست سے استعفیٰ دیدیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا کی نااہلی کے کیس کی سماعت ہوئی، فیصل واوڈا کے وکیل عدالت میں پیش ہوئے۔ فیصل واوڈا کے وکیل نے ان کا قومی اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ عدالت میں پیش کردیا۔ فیصل واوڈا کے وکیل نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ ان کے مؤکل نے بطور رکن قومی اسمبلی سے استعفیٰ دے دیا ہے جس کے بعد ان کی نااہلی کی درخواست غیر مؤثر ہوگئی ہے۔
ذرائع کےمطابق قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کو تاحال فیصل واوڈا کا استعفیٰ موصول نہیں ہوا، وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے تھوڑی دیر پہلے بطور ممبر قومی اسمبلی سینیٹ ووٹ کاسٹ کیا، اس موقع پر پی ٹی آئی رہنما فیصل واوڈا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ یوسف رضا گیلانی کو زبردست شکست ہوگی، پیپلزپارٹی شرمندگی مٹانے کیلئے کسی اور سینیٹر کو ہٹا کر گیلانی کو سینیٹر بنائیں گے۔
واضح رہےکہ پی ٹی آئی رہنما فیصل واوڈا کے خلاف الیکشن کمیشن اور اسلام آباد ہائیکورٹ میں دوہری شہریت کے معاملے پر نااہلی کیس زیر سماعت ہے، پاکستان تحریک انصاف نے فیصل واوڈا کو سینیٹ کا ٹکٹ بھی دیا ہے جس پر وہ سینیٹ الیکشن لڑرہے ہیں۔