سینیٹ کی 37 نشستوں پر میدان سج گیا، پولنگ جاری

سینیٹ کی 37 نشستوں پر میدان سج گیا، پولنگ جاری
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(سٹی 42)  سینیٹ کی 37 نشستوں پر الیکشن کے لیے پولنگ  جاری ہے جو شام 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہےگی،اسلام آباد کی جنرل نشست پر  پی ڈیم ایم کے متفقہ امیدوار  یوسف رضا گیلانی اور حکومتی امیدوار حفیظ شیخ کے درمیان کانٹے دار مقابلہ متوقع ہے۔

قومی اور چاروں صوبائی اسمبلیاں پولنگ اسٹیشن میں تبدیل

ایوان بالا سینیٹ  کی 37 نشستوں کیلئے انتخابی میدان سج گیا،قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں ووٹنگ کا عمل کسی وقفے کے بغیر شام پانچ بجے تک جاری رہے گا، سینیٹ کے انتخابات کیلئے قومی اور چاروں صوبائی اسمبلیاں پولنگ اسٹیشن میں تبدیل ہوچکی ہیں، الیکشن کمیشن کے اسٹاف نے اسمبلیوں کا کنٹرول سنبھال  لیا، قومی اسمبلی میں ریٹرننگ افسر نے ووٹ کاسٹ کرنے سے متعلق اعلان کیا اور  ووٹ مسترد تصور ہونے سے متعلق بھی بتا دیا۔

قومی اسمبلی میں ووٹ کاسٹ

سینیٹ کے الیکشن کے لیے قومی اسمبلی میں پہلا ووٹ پی ٹی آئی کے میاں شفیق آرائیں اور دوسرا ووٹ وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے کاسٹ کیا، وزیراعظم عمران خان،  وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید،سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، مراد سعید، عامر ڈوگر، علی نواز اعوان، زین قریشی، ملائیکہ بخاری، فرخ حبیب اور ڈاکٹر رمیش کمار نے بھی حق رائے دہی کا استعمال کیا، شہباز شریف اور بلاول بھٹو زرداری  نے  بھی ووٹ کاسٹ کردیا۔

علی حیدر گیلانی ویڈیو سکینڈل

ادھرسینیٹ الیکشن سے چند گھنٹے  قبل ووٹ کی خریداری کے حوالے سے یوسف رضاگیلانی کے بیٹے علی حیدر گیلانی کی ویڈیوسامنے آگئی جس نے تہلکہ مچا دیا، الیکشن کمیشن نے اس ویڈیو کا نوٹس لے لیا ، تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن میں پی ڈی ایم کے متفقہ امیدوار یوسف رضا گیلانی کی نااہلی کی درخواست دائر کردی۔ 

عبدالحفیظ شیخ اور  یوسف رضا گیلانی  میں کانٹے کا مقابلہ متوقع

  وفاق اور صوبوں میں جنرل نشستوں پر 39 امیدوار آمنے سامنے ہیں، خواتین 18، ٹیکنو کریٹ 13 اور اقلیتی نشستوں پر 8 امیدوار مدمقابل ہیں، اسلام آباد کی جنرل نشست پر پی ٹی آئی کے ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے یوسف رضا گیلانی  مدمقابل ہیں۔ سینیٹ انتخابات کے لئے 698 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے، اسلام آباد کی 2 نشستوں پر 341 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے، سندھ میں 168، خیبر پختونخوا میں 124، بلوچستان میں 65 ارکان ووٹ کاسٹ کریں گے۔

الیکشن کمیشن کا ارکان اسمبلی کیلئے ہدایت نامہ

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے  اسمبلی میں ارکان کیلئے ہدایت نامہ آویزاں کردیا، ہدایت نامے کے مطابق کسی کو بھی پولنگ اسٹیشن میں موبائل یا کیمرہ لے جانے کی اجازت نہیں ہے، پابندی کا اطلاق ووٹر، امیدوار، پولنگ ایجنٹ سمیت سب پر ہو گا، ارکان کے لیے بیلٹ پیپر حاصل کرنے کے لیے اسمبلی سے جاری شدہ کارڈ دکھانا ضروری ہے۔

 پنجاب کی تمام 11نشستوں پر امیدوار بلامقابلہ منتخب

واضح رہےکہ  پنجاب کی تمام 11نشستوں پر امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوچکے ہیں جن میں تحریک انصاف کی جنرل نشستوں پر سیف اللہ نیازی، اعجاز احمد چودھری،  عون عباس ، ٹیکنوکریٹ کی نشست پر بیرسٹر علی ظفر اور خواتین کی نشست پر ڈاکٹر زرقا تیمور سینیٹر بن گئیں، مسلم لیگ( ن) کی 3 جنرل نشستوں پر عرفان صدیقی، افنان اللہ خان، پروفیسر ساجد میر ، ٹیکنو کریٹ کی نشست پر اعظم نذیر تارڑ اور خواتین کی نشست پر سعدیہ عباسی بلامقابلہ منتخب ہوئیں۔

Sughra Afzal

Content Writer