نشتر پارک (حافظ شہباز علی) کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے باﺅلنگ کوچ اور سابق ٹیسٹ کرکٹر عبدالرزاق نے کہاہے کہ پی ایس ایل کے تمام میچز کا پاکستان میں انعقاد ملکی کرکٹ کے لئے نیک شگون ہے لیگ کے انعقاد سے ہمیں کئی باصلاحیت کھلاڑی ملیں گے۔
قذافی سٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عبدالرزاق نے کہا کہ پی ایس ایل میں کوالٹی کرکٹ دیکھنے کو مل رہی ہے، لاہور قلندرز کے خلاف میچ کے حوالے سے عبدالرزاق کا کہنا تھا کہ لاہور قلندرز ایک اچھی ٹیم ہے اور ٹی 20 کرکٹ میں کوئی ٹیم آسان نہیں ہوتی اور اگر ایک اچھی اننگ، اچھا سپیل میچ کا نقشہ تبدیل کردیتا ہے، اس لئے کسی بھی ٹیم کوآسان سمجھنا غلطی ہوگا، لاہور قلندرز کی ٹیم ٹورنامنٹ میں کم بیک کرنے کی اہلیت رکھتی ہے۔
ملکی کرکٹ میں آل راﺅنڈرز کی کمی پر عبدالرزاق کا کہنا تھا کہ اس لیگ میں اچھے کھلاڑی دکھائی دئیے ہیں مگر بدقسمتی سے ہمارے نوجوان کھلاڑی طویل کرکٹ نہیں کھیل پارہے جس کے باعث ہمیں کوالٹی کھلاڑیوں کی تلاش میں مشکلات کا سامنا ہے جب تک کھلاڑی طویل کرکٹ نہیں کھیلیں گے، اچھے کھلاڑی ملنا مشکل ہے۔
واضح رہے کہ ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 2020 کا 16واں میچ آج قذافی سٹیڈیم میں لاہور قلندرز اور دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان ہوگا، لاہور قلندرز اب تک ملتان سلطانز ، اسلام آباد یونائیٹڈ ، پشاور زلمی سے اپنے میچ ہارچکی ہے، تینوں میچوں میں ناکامی کے باعث لاہور قلندرز کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر آخری پوزیشن پر موجود ہے۔