ملک اشرف: لاہور ہائیکورٹ نے موٹر وے گینگ ریپ کیس میں دو مجرمان عابد ملہی اور شفقت بگا کی سزائے موت کے خلاف اپیلیں خارج کرتے ہوئے انسدادِ دہشتگردی عدالت کا فیصلہ برقرار رکھا ہے۔
جسٹس سید شہباز علی رضوی اور جسٹس طارق محمود باجوہ پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی اور فریقین کے وکلاء کے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ سنایا۔
عدالت نے انسدادِ دہشتگردی عدالت لاہور کی جانب سے سنائی گئی سزائے موت کو برقرار رکھا، جبکہ دیگر سزائیں بھی جوں کی توں برقرار رہیں۔
تفصیلات کے مطابق تھانہ گوجرپورہ لاہور میں 9 ستمبر 2020 کو مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ انسدادِ دہشتگردی عدالت نمبر ایک لاہور نے 20 مارچ 2021 کو زیادتی کے جرم میں دونوں مجرمان کو سزائے موت سنائی تھی۔
ٹرائل کورٹ نے ملزمان کو ڈکیتی کے الزام میں 14 سال قید اور ڈھائی لاکھ روپے جرمانے کی سزا بھی سنائی تھی، جبکہ متاثرہ خاتون کے بچوں کو اغواء کرنے پر عمر قید اور گاڑی کو نقصان پہنچانے پر 5 سال قید کی سزا بھی دی گئی تھی۔
مجرمان نے انسدادِ دہشتگردی عدالت کے فیصلے کو 25 مارچ 2021 کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کیا تھا، جس پر آج عدالت نے حتمی فیصلہ سناتے ہوئے اپیلیں مسترد کر دیں۔