فاران یامین: برائلر مرغی کے گوشت کی قیمت میں مزید تین روپے کمی، خریداروں اور دکانداروں نے کمی کو ناکافی قرار دے دیا۔ کہتے ہیں جس تیزی سے قیمتوں میں اضافہ ہوا گوشت غریب کی پہنچ سے دور ہوگیا، قیمتوں میں مزید کمی کی جائے۔
برائلر مرغی کے گوشت کی قیمت میں دوسرے روز بھی کمی دیکھنے میں آئی، مرغی کا گوشت تین روپے سستا ہوا، گزشتہ روز 323 کے مقابلہ میں مرغی کا گوشت 320 روپے فی کلو میں فروخت ہوا، تاہم دکانداروں اور خریداروں نے مرغی کی قیمت میں کمی کو ناکافی قرار دے دیا ہے۔
شہریوں نے انتظامیہ سے مرغی گوشت کی قیمت میں مزید کمی کا مطالبہ کیا ہے۔ پولٹری ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ مرغی کے گوشت کی قیمتوں میں مزید کمی نہیں ہوگی، فیڈ سمیت دیگر اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ کی وجہ سے تیار مرغی کی لاگت میں اضافہ ہوا ہے، اس لئے اب برائلر مرغی کا گوشت 300 سے 350 کے درمیان میں ہی فروخت ہوگا۔
دوسری جانب ریٹ لسٹ نہ ہونے کا دکاندار فائدہ اٹھانے لگے،،دکاندار من مرضی کے نرخوں پر سبزیاں فروخت کرنے لگے۔ دکانداروں کا کہنا تھا کہ ریٹ لسٹ آدھا دن گزرنے کے بعد ہم تک پہنچتی ہے تو تب تک کیا سبزیاں فروخت نہ کریں جبکہ شہریوں کا کہنا ہے کہ ریٹ لسٹ نہ ہونے کی وجہ سے مہنگی سبزیاں خریدنے پر مجبور ہیں۔