ویب ڈیسک : عالمی شہرت یافتہ ٹیکنالوجی کمپنی مائیکرو سافٹ نے دنیا بھر سے تقریباً 9 ہزار ملازمین کو نوکریوں سے برطرف کرنے کا اعلان کردیا ہے، جو 2023ء کے بعد کمپنی کی سب سے بڑی برطرفی تصور کی جا رہی ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق کمپنی کے ترجمان کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد تیزی سے بدلتی ہوئی عالمی مارکیٹ میں کمپنی کو مزید مؤثر، چست اور جدید خطوط پر استوار کرنا ہے، یہ برطرفیاں مائیکرو سافٹ کی مجموعی عالمی افرادی قوت کا تقریباً 4 فیصد حصہ ہیں۔ امریکی نشریاتی ادارے سی این این کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ 2 جولائی 2025ء کو کیا گیا اور یہ حالیہ مہینوں کے دوران کمپنی کی جانب سے کی جانے والی تیسری مرحلہ وار چھانٹی ہے۔
ترجمان کے مطابق ہم تنظیمی تبدیلیاں لانے کی کوششوں میں مصروف ہیں تاکہ کمپنی اور اس کی ٹیمیں جدید، متحرک اور مسابقتی مارکیٹ میں زیادہ بہتر طور پر کامیاب ہو سکیں۔