سٹی 42 : بلوچستان کے ضلع چاغی کی تحصیل دالبندین میں زور دار دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا، جبکہ تین افراد زخمی ہوئے ہیں۔
دالبندین کے علاقے فصیل کالونی میں ایسٹرن بائی پاس کے قریب زور دار دھماکے کی اطلاع موصول ہوئی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق، دھماکے میں ایک شخص موقع پر جاں بحق ہوگیا جبکہ تین افراد زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
دھماکے کی اطلاع ملتے ہی ایس پی چاغی محمد عثمان سدوزئی اور ڈی ایس پی عابد شیرزئی خود جائے وقوعہ پر پہنچے، جہاں انہوں نے جائے حادثہ کا معائنہ کیا اور تفتیشی عمل کی نگرانی کی۔ بعدازاں ایس پی محمد عثمان سدوزئی ڈی ایچ کیو اسپتال بھی گئے، جہاں انہوں نے زخمیوں کی عیادت کی، اور انہیں بہتر سے بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
پولیس کی جانب سے جاری ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ دھماکہ ایک کباڑ کی دکان میں ہوا، جہاں ایک بچہ پرانے سامان سے کھیلتے ہوئے اچانک دھماکے کی زد میں آ گیا۔ یہاں یہ شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ کباڑ فروش نے لاعلمی میں کوئی دھماکہ خیز یا پریشرائزڈ مواد خریدا تھا، جو بچے کے ہاتھ لگنے سے پھٹ گیا، تاہم مزید شواہد جمع کرنے کے لیے بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کر لیا گیا ہے، اور علاقے کو سیل کر کے تفتیش جاری ہے۔
ایس پی محمد عثمان سدوزئی نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ جائے وقوعہ سے دور رہیں، کیونکہ مزید دھماکہ خیز مواد کی موجودگی کا خدشہ ہے۔