روز ویلٹ ہوٹل بکنے سے بچ گیا

روز ویلٹ ہوٹل بکنے سے بچ گیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (مانیٹرنگ ڈیسک) پی ٹی آئی حکومت نے پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائنز ( پی آئی اے) کے نیو یارک میں واقع روز ویلٹ ہوٹل کو نجی پارٹی کے ساتھ مل کر چلانے کا اعلان کر دیا۔

 مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت کابینہ کی نجکاری کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا جس میں روز ویلٹ ہوٹل نیو یارک کو نجی پارٹی کے ساتھ جوائنٹ وینچر کے ذریعے چلانے کا فیصلہ کیا گیا، روز ویلٹ ہوٹل کی نہ تو نجکاری کی جائے گی اور نہ ہی اسے لیز پر دیا جائے گا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ روز ویلٹ ہوٹل کو چلانے کیلئے اسے نئے سرے سے تعمیر کیا جائے گا، روز ویلٹ ہوٹل کو جوائنٹ وینچر کے ذریعے چلانے کیلئے فنانشل ایڈوائزر تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا جس کیلئے نجکاری کمیشن کو ہدایت جاری کردی گئی ہے جو چار ہفتوں میں اپنی رپورٹ پیش کرے گا، کمیٹی نے روز ویلٹ ہوٹل نیو یارک کی ٹاسک فورس کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا فیصلہ کیا۔

 وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی ذولفی بخاری ٹاسک فورس کا حصہ تھے  جبکہ ایوی ایشن ڈویژن کے کردار کو بھی ختم کردیا گیا، کابینہ کی نجکاری کمیٹی نے پرائیویٹائزیشن کمیٹی کو فنانشل ایڈوائزر کی تقرری کی ہدایت کر دی۔

پیپلز پارٹی نے پی آئی اے کی ملکیت روز ویلٹ ہوٹل کی نجکاری کی مخالفت کی ہے، پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر شیری رحمان نے کہا ہے کہ پی آئی اے کے ساتھ روز ویلٹ ہوٹل بھی حکومت کے نشانے پر ہے، حکومت آئی ایم ایف کے کہنے پر پورے ملک کی نجکاری کرنے کو تیار ہے، ملک کے اداروں کی نجکاری منظور نہیں، روزویلٹ ہوٹل پاکستان کی ملکیت ہے کسی فرد یا جماعت کی نہیں۔

واضح رہے کہ 1979 میں پی آئی اے نے سعودی عرب کے شہزادے فیصل بن خالد بن عبدالعزیز السعود کے ساتھ مل کر اس ہوٹل کو لیز پر حاصل کیا تھا اور 1999 میں پی آئی اے   نے  ہوٹل کی عمارت کو تین کروڑ ساٹھ لاکھ ڈالر میں خرید لیا تھا۔

Sughra Afzal

Content Writer