ملک اشرف: یوٹیوبر رجب علی بٹ کے وکیل میاں علی اشفاق ایڈوکیٹ کے وکالت لائسنس کی معطلی کے خلاف دائر درخواست پر لاہور ہائیکورٹ میں سماعت مقرر کر دی گئی ہے۔ رجسٹرار آفس نے کیس کو 5 جنوری کو سماعت کے لیے مقرر کرتے ہوئے کاز لسٹ جاری کر دی ہے۔
کیس لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس ملک محمد اویس خالد سماعت کریں گے۔ میاں علی اشفاق نے پنجاب بار کونسل کی جانب سے اپنے وکالت لائسنس کی معطلی کے اقدام کو عدالت میں چیلنج کر رکھا ہے۔
عدالت نے گزشتہ سماعت کے دوران میاں علی اشفاق کو ہدایت کی تھی کہ وہ کراچی بار ایسوسی ایشن کو درخواست میں فریق بنائیں، جس کے لیے انہیں مہلت دی گئی تھی۔
وفاقی حکومت کی جانب سے ڈپٹی اٹارنی جنرل اسد علی باجوہ عدالت میں پیش ہوں گے، جبکہ میاں علی اشفاق ایڈوکیٹ بھی دیگر وکلاء کے ہمراہ پیشی دیں گے۔
ڈپٹی اٹارنی جنرل کے مطابق میاں علی اشفاق کا وکالت لائسنس کراچی بار کی شکایت پر پنجاب بار کونسل نے معطل کیا، تاہم درخواست میں کراچی بار کو فریق نہیں بنایا گیا، جو ایک اہم قانونی نکتہ ہے۔
کیس کی سماعت میں لائسنس معطلی کے قانونی جواز، بار کونسل کے اختیارات اور فریقین کے مؤقف پر تفصیلی غور کیے جانے کا امکان ہے۔