ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

 آن لائن ادائیگیوں کیلئےایس ایم ایس OTP سروس ختم، نیا ایپ بیسڈ نظام نافذ

 آن لائن ادائیگیوں کیلئےایس ایم ایس OTP سروس ختم، نیا ایپ بیسڈ نظام نافذ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: متحدہ عرب امارات میں آن لائن ادائیگیوں کے نظام میں بڑی ڈیجیٹل تبدیلی کا اعلان کر دیا گیا ہے، جس کے تحت بینک 6 جنوری 2026 سے آن لائن کارڈ خریداری پر ایس ایم ایس کے ذریعے بھیجے جانے والے ون ٹائم پاس ورڈ (OTP) کی سہولت مکمل طور پر ختم کر دیں گے۔

بینکوں کی جانب سے 31 دسمبر 2025 کو صارفین کو بھیجے گئے پیغامات میں آگاہ کیا گیا ہے کہ اب آن لائن ادائیگیوں کی تصدیق صرف متعلقہ بینک کی اسمارٹ موبائل ایپ کے ذریعے کی جائے گی۔ بینکوں نے واضح کیا ہے کہ مقررہ تاریخ کے بعد SMS کے ذریعے OTP فراہم نہیں کیا جائے گا۔

بینکوں کے مطابق صارفین کو آن لائن ادائیگی مکمل کرنے کے لیے اپنی بینک موبائل ایپ استعمال کرنا ہوگی، جس کے ذریعے نوٹی فکیشن کی صورت میں تصدیقی درخواست موصول ہوگی۔

صارفین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر اپنی بینک کی آفیشل موبائل ایپ ڈاؤن لوڈ کریں، ایپ کو ایکٹیو کریں اور نوٹی فکیشن آن رکھیں تاکہ کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔

یہ اقدام یو اے ای میں جاری ڈیجیٹل تبدیلی کے وسیع تر عمل کا حصہ ہے، جس کا آغاز گزشتہ سال کیا گیا تھا۔ جولائی 2025 سے یو اے ای کے بینکوں نے مرحلہ وار آن لائن لین دین اور رقم کی منتقلی کے لیے SMS اور ای میل کے ذریعے OTP بھیجنے کا عمل محدود کرنا شروع کر دیا تھا۔

اس وقت جاری کیے گئے ایک سرکاری دستاویز کے مطابق یہ تبدیلی یو اے ای کے مرکزی بینک کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے نافذ کی جا رہی ہے۔ دستاویز میں بتایا گیا تھا کہ مستقبل میں SMS اور ای میل OTP مکمل طور پر ختم کر دیے جائیں گے اور ان کی جگہ ایپ بیسڈ تصدیقی نظام متعارف کرایا جائے گا۔

بینک حکام کا کہنا ہے کہ موبائل ایپ کے ذریعے تصدیق کا نظام زیادہ محفوظ ہے، اس سے فراڈ کے امکانات کم ہو جاتے ہیں اور SMS میں تاخیر یا جعلی پیغامات جیسے مسائل سے بھی بچاؤ ممکن ہوتا ہے۔