گیارہ مزدور اغوا کے بعد قتل

گیارہ مزدور اغوا کے بعد قتل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی 42 : بلوچستان کے علاقے مچھ  کی کوئلہ فیلڈ میں  افسوسناک  واقعہ پیش آیا،دہشتگردوں نے کوئلے کی کان میں حملہ کرکے کام کرنے والے 11 کان کنوں  اغوا  کیا اور  پھر پہاڑوں پر لے جاکر   فائرنگ کرکے قتل کردیا۔

  

 تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے علاقے مچھ میں ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب نامعلوم افراد کوئلے کی کان میں کام کرنے والے مزدوروں کو اغوا کرکے پہلے پہاڑوں پر لے گئے اور پھر ان پر فائرنگ کردی۔ واقعے کے بعد مسلح افراد نامعلوم سمت فرار ہوگئے۔

 ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، انتظامیہ، اور سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔ واقعے میں کم از کم 11 کان کن جاں بحق ہوگئے ہیں، لاشوں کو مچھ کے سرکاری ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ڈی سی مچھ مراد کاسی کا کہنا ہے کہ سکیورٹی اداروں نے  علاقے کو گھیرے میں  لے کر  کلیئرنس کاعمل  شروع کردیا ہے۔

   واضح رہے کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران بلوچستان میں دہشتگرد ی کے متعدد واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔ چند روز قبل آواران میں ایف سی کے 7 اہلکاروں کو  شہید کردیا گیا تھا۔

مچھ واقعہ قابل مذمت اورانتہائی افسوسناک ہے:وزیر اطلاعات

وفاقی وزیر شبلی فراز نے کہاہے کہ مچھ واقعہ قابل مذمت اورانتہائی افسوسناک ہے،بیرونی دشمن پاکستان کوعدم استحکام سے دوچار کرنے کے درپے ہے اور مسلسل وار کر رہا ہے۔ اپنے ٹوئٹ میں کہاہے کہ مسترد سیاسی عناصر شعوری یا غیر شعوری طور پرحملہ آوروں کے آلہ کار بن رہے ہیں ،مستردکردہ سیاسی عناصر ملک میں افراتفری اور انتشار پھیلا رہے ہیں ،ملک دشمنوں کو مذموم عزائم میں ناکامی ہو گی ۔

Azhar Thiraj

Senior Content Writer