سٹی42: پنجاب حکومت نے 5 فروری کو یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر صوبے بھر میں عام تعطیل کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ اس کے مطابق تمام سرکاری ادارے، دفاتر اور محکمے اس دن بند رہیں گے۔
نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر عوامی اور سرکاری سطح پر کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے خصوصی تقاریب اور اجتماعات بھی منعقد کیے جائیں گے۔
یومِ یکجہتیٔ کشمیر ہر سال پاکستان میں قومی جذبے کے ساتھ منایا جاتا ہے، اس دن عوام، سیاسی و مذہبی جماعتیں، سول سوسائٹی اور طلبہ کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت کا بھرپور اظہار کرتے ہیں، حکومت کی جانب سے عام تعطیل کا اعلان اس بات کی علامت ہے کہ پاکستان کشمیریوں کے ساتھ سیاسی، اخلاقی اور سفارتی سطح پر اپنی حمایت جاری رکھے ہوئے ہے۔
وفاقی حکومت نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ یومِ یکجہتیٔ کشمیر کے موقع پر امن و نظم و ضبط کو برقرار رکھتے ہوئے اپنی یکجہتی کا اظہار کریں اور کشمیری عوام کے ساتھ کھڑے ہونے کا پیغام دنیا تک پہنچائیں۔
حکومت کا کہنا ہے کہ پاکستان اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور پُرامن حل کے لیے اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھے گا اور کشمیریوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔