عرفان ملک:لاہور میں بسنت سے قبل پتنگ بازی کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے۔
ترجمان لاہور پولیس کے مطابق رواں سال پتنگ بازی کے خلاف کارروائیوں کے دوران 1729 افراد کو گرفتارکیا جا چکا ہے، جبکہ 1645 مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ان کارروائیوں کے دوران93 ہزار سے زائد پتنگیں اور 2100 سے زائد چرخیاں برآمد کی گئی ہیں، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ شہر بھر میں بڑے پیمانے پر انفورسمنٹ کی جا رہی ہے۔
سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے واضح کیا ہے کہ 6 اور 8 فروری کے علاوہ پتنگ بازی پر مکمل پابندی عائد ہے۔ انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ کائٹ فلائنگ ایکٹ پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔
سی سی پی او لاہور کا کہنا ہے کہ قانون کی خلاف ورزی پر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جبکہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ محفوظ بسنت کے انعقاد کے لیے انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔