سٹی42: کسانوں کے نئی فصل منڈی میں لے جانے کا وقت آیا تو آڑھتیوں نے ملی بھگت کر کے مرچ کی قیمت میں تیس فیصد سے زیادہ کمی کر دی۔ مارکیٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ ہول سیل مارکیٹ غلہ منڈی میں مرچ کی قیمتوں میں بہت بڑی کمی ہو گئی ہے۔
لال مرچ کی نئی فصل آتے ہی خشک لال مرچ 5 ہزار روپے فی من سستی ہو گئی۔ لال مرچ کی قیمت 18 ہزار روپے من سے کم ہو کر 13 ہزار روپے من ہو گئی ہے۔ مرچ کی نئی فصل اچھی کاشت ہوئی ہے، جس کے بعد مارکیٹ میں مرچ کی قیمت میں زبردست کمی دیکھنے میں آئی ہے۔
صدر غلہ منڈی راجہ مدثر کا کہنا ہے کہ منڈی میں مال کی آمد زیادہ ہوئی ہے، جس کے سبب قیمت گر گئی ہے۔ امید ہے مصالحہ جات کی قیمتیں مزید بھی کم ہوں گی۔