عابد چودھری:اسلام پورہ کے علاقے میں خاتون سے واردات میں مبینہ طور پر ملوث ڈاکوؤں کے ساتھ پولیس کا مبینہ مقابلہ ہوا، جس کے نتیجے میں دو ملزمان زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے، جبکہ ان کا ایک ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
ایس پی سٹی کے مطابق اسلام پورہ پولیس نے دوران گشت تین موٹر سائیکل سوار مشتبہ افراد کو رکنے کا اشارہ کیا، تاہم ملزمان نے رکنے کے بجائے پولیس پر فائرنگ شروع کر دی اور تیز رفتاری سے فرار ہونے کی کوشش کی۔
پولیس کی جوابی کارروائی کے دوران ہونے والی کراس فائرنگ میں دو ملزمان زخمی ہو گئے، جنہیں گرفتار کر لیا گیا۔ زخمی ملزمان کی شناخت مشعل اور صداقت کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ ان کا ایک ساتھی فرار ہوگیا۔
ایس پی سٹی نے بتایا کہ فرار ہونے والے ملزم کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔ زخمی ملزمان کو ابتدائی طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے اور گرفتار ملزمان سے وارداتوں کے حوالے سے بھی پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔