طاہر جمیل:شہر میں بارش کے بعد کمشنر لاہور نعمان یوسف نے تمام متعلقہ محکموں کو نکاسی آب کے نظام کو فعال رکھنے اور شہریوں کو مشکلات سے بچانے کے لیے فوری اقدامات کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
کمشنر لاہور نے ہدایت کی کہ مین شاہراہوں، ذیلی سڑکوں اور نشیبی علاقوں پر خصوصی توجہ دی جائے، جبکہ واسا، میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور (ایم سی ایل) اور لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) کی فیلڈ ٹیمیں مسلسل متحرک رہیں۔
انہوں نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو اپنی اپنی تحصیلوں میں نکاسی آب آپریشن کی نگرانی کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی شاہراہوں اور انڈر پاسز کو ہر صورت کلیئر رکھا جائے۔
کمشنر لاہور نے سی بی ڈی، روڈا سمیت تمام فیلڈ ٹیموں کو اپنے مقررہ پوائنٹس پر الرٹ رہنے اور کسی بھی صورتحال میں فوری ردعمل دینے کا حکم دیا۔
انہوں نے مزید ہدایت کی کہ بجلی کی بندش والے علاقوں میں ڈسپوزل اسٹیشنز کو جنریٹرز کے ذریعے چلایا جائے، تمام پمپس کو آپریشنل رکھا جائے اور بیک اپ نظام فعال ہونا چاہیے۔
کمشنر لاہور نے ایل ڈی اے اور واسا کے تمام ٹاؤن ڈائریکٹرز کو اپنے علاقوں کی مکمل مانیٹرنگ یقینی بنانے کی ہدایت بھی جاری کی۔