ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

پی ٹی آئی کے 5 اگست کے مینارِ پاکستان پر جلسے کی درخواست پر رجسٹرار آفس کا اعتراض ختم

پی ٹی آئی کے 5 اگست کے مینارِ پاکستان پر جلسے کی درخواست پر رجسٹرار آفس کا اعتراض ختم
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ملک اشرف : لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 5 اگست کو مینارِ پاکستان پر جلسے کی اجازت سے متعلق درخواست پر رجسٹرار آفس کا عائد کردہ اعتراض ختم کرتے ہوئے درخواست کو ریگولر نمبر لگانے کی اجازت دے دی۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مرزا وقاص رؤف نے شہری میاں اکرم عثمان کی درخواست پر سماعت کی۔ سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ جلسے کے لیے 22 جولائی کو ڈپٹی کمشنر لاہور کو این او سی کے حصول کے لیے درخواست دی گئی تھی، تاہم اب تک اس پر کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا، جبکہ جلسہ 5 اگست کو ہونا ہے۔عدالت نے درخواست گزار کے وکیل سے استفسار کیا کہ رجسٹرار آفس کا اعتراض یہ ہے کہ متعلقہ فورم سے رجوع نہیں کیا گیا۔ اس پر وکیل نے بتایا کہ معاملہ ڈسٹرکٹ انٹیلیجنس کمیٹی کے دائرہ اختیار میں آتا ہے، جس کی سربراہی ڈپٹی کمشنر لاہور کرتے ہیں، لیکن درخواست طویل عرصے سے زیر التوا ہے اور کوئی فیصلہ نہیں کیا جا رہا۔

دلائل سننے کے بعد جسٹس مرزا وقاص رؤف نے رجسٹرار آفس کا اعتراض ختم کرتے ہوئے درخواست کو باقاعدہ نمبر لگانے کی اجازت دے دی۔سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل نے استدعا کی کہ درخواست کو آج ہی سماعت کے لیے مقرر کیا جائے۔ اس پر جسٹس مرزا وقاص رؤف نے ریمارکس دیے کہ درخواست کو سماعت کے لیے مقرر کرنا چیف جسٹس کا اختیار ہے، وہ خود چیف جسٹس نہیں ہیں، اس لیے اپنے اختیار سے بڑھ کر کوئی حکم نہیں دے سکتے۔وکیل نے مزید استدعا کی کہ عدالت آج ہی آرڈر پر دستخط کرکے فائل آفس بھجوا دے تاکہ کیس جلد سماعت کے لیے مقرر ہو سکے۔

 اس پر جسٹس مرزا وقاص رؤف نے ریمارکس دیے، "آپ شاید پہلی مرتبہ میرے سامنے پیش ہوئے ہیں، میری عدالت میں جس کیس کی سماعت ہوتی ہے، اس کے آرڈر پر اسی روز دستخط کر دیے جاتے ہیں۔ کوئی ایسی فائل نہیں ہوتی جس پر آرڈر زیر التوا رہ جائیں۔"درخواست میں ڈپٹی کمشنر لاہور کو فریق بناتے ہوئے مؤقف اختیار کیا گیا کہ این او سی کی درخواست پر فیصلہ نہ کرنا غیر قانونی اقدام ہے۔ درخواست گزار کے مطابق جلسے کی اجازت نہ دینا شہریوں کے آئینی حقوق کی خلاف ورزی ہے، لہٰذا عدالت ڈپٹی کمشنر لاہور کو این او سی کی درخواست پر فوری فیصلہ کرنے کا حکم دے۔

Ansa Awais

Content Writer