علی رامے: پنجاب حکومت نے گیس ونڈفال لیوی کی تقسیم کے معاملے پر اہم فیصلہ کرتے ہوئے خیبر پختونخواہ کی 50:50 شیئرنگ کی تجویز کی اصولی حمایت کر دی ہے۔
حکام کے مطابق پنجاب نے اس حمایت کو اس شرط سے مشروط کیا ہے کہ مستقبل میں اسے بھی گیس آمدن میں برابر حصہ دیا جائے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخواہ نے گیس فروخت سے حاصل ہونے والی 50 کروڑ روپے کی ونڈفال لیوی میں حصہ طلب کیا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ معاملے کو مزید آگے بڑھانے کے لیے اسے مشترکہ مفادات کونسل میں لے جانے کی تجویز بھی سامنے آئی ہے، جبکہ محکمہ توانائی اور محکمہ خزانہ نے بھی اس تجویز کی حمایت کر دی ہے۔
پنجاب حکومت نے وفاق سے مطالبہ کیا ہے کہ تمام گیس لائسنسز اور دریافتوں کی تفصیلات صوبوں کے ساتھ شیئر کی جائیں تاکہ شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔
حکام کا کہنا ہے کہ صوبوں کو اپنے مالی حقوق کے حصول کے لیے بروقت اقدامات کرنے چاہئیں، جبکہ پنجاب حکومت اپنے وسائل اور حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گی۔