(خان شہزاد) سونے کی قیمت ریکارڈ پر ریکارڈ بنانے لگی، آٹھ سو پچیس روپے مزید اضافے کے بعد سونے کی قیمتیں ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں، خالص چوبیس قیراط فی تولہ سونے کی قیمت 72 ہزار تین سو روپے ہوگئی۔
رواں کاروباری ہفتے کے آغاز سے سونے کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے منگل کے روز آٹھ سو پچیس روپے اضافے کے بعد خالص چوبیس قیراط فی تولہ سونے کی قیمت بہتر ہزار تین سو روپے ہوگئی ہےجبکہ بائیس قیراط فی تولہ سونا چھیاسٹھ ہزار دوسوپچھتر روپے کا ہوگیا ہے۔ سونے کی قیمتوں میں مسلسل تیزی سے اضافے پر شہریوں نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ سونے کے زیورات شادیوں کی روایات بن چکے ہیں اس لئے سونے کی قیمتوں میں اضافہ پریشان کن ہے۔ دوسری جانب صدر لاہور ڈویژن صرافہ ایسوسی ایشن حاجی محمد افضل نے کہا ہے کہ روپے کی قدر میں مسلسل کمی سونے کی قیمتوں میں اضافے کی بڑی وجہ ہے۔