ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

پاکستان اور چین کا اسٹریٹجک شراکت داری مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ

پاکستان اور چین کا اسٹریٹجک شراکت داری مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک:وزیراعظم شہباز شریف نے بیجنگ میں عظیم عوامی ہال میں چینی صدر شی جن پنگ سے تفصیلی ملاقات کی، جس میں دو طرفہ تعلقات سمیت مختلف اہم امور پر گفتگو کی گئی۔ ملاقات میں پاکستان اور چین کے درمیان اسٹریٹجک تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

پاکستانی وفد میں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ شامل تھے۔وزیراعظم شہباز شریف نے صدر شی جن پنگ کی قیادت میں چین کی ترقی کو سراہتے ہوئے کہا کہ 80 کروڑ افراد کو غربت سے نکالنا ایک تاریخی کامیابی ہے، جبکہ بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو (BRI) اس وژن کی ایک شاندار مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام چین کے ساتھ دوستی کو دل سے عزیز رکھتے ہیں اور چین-پاکستان اکنامک کاریڈور (CPEC) کو دوطرفہ تعاون کا فلیگ شپ منصوبہ قرار دیا۔

یہ ملاقات اس وقت ہوئی جب وزیراعظم نے ایک روز قبل تیانجن میں شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے اجلاس میں شرکت کی، جہاں انہوں نے خطے میں عدم استحکام کے پیشِ نظر پاکستان کے مکالمے اور سفارتکاری پر یقین کا اظہار کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف آج بیجنگ میں دیگر عالمی رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ وہ پیر کی رات تیانجن سے بیجنگ بلٹ ٹرین کے ذریعے پہنچے تھے۔ان کے شیڈول میں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن، تاجکستان کے صدر امام علی رحمان سے ملاقاتیں بھی شامل ہیں، جن میں دو طرفہ اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

وزیراعظم بیجنگ کے ایک مقامی ہسپتال کا دورہ بھی کریں گے اور نمایاں چینی تاجروں سے ملاقات کریں گے۔

تیانجن میں قیام کے دوران وزیراعظم نے SCO کے اجلاسوں میں شرکت کے ساتھ ساتھ ایران کے صدر مسعود پژشکیان اور آذربائیجان کے صدر الہام علیوف سے بھی ملاقاتیں کیں۔بیجنگ میں قیام کے دوران وزیراعظم چین کے وزیراعظم لی چیانگ سے بھی ملاقات کریں گے، جس میں پاکستان اور چین کے درمیان کثیرالجہتی تعاون پر بات چیت کی جائے گی۔وزیراعظم شہباز شریف صدر شی جن پنگ اور دیگر عالمی رہنماؤں کے ہمراہ بیجنگ میں دوسری جنگ عظیم کی 80ویں سالگرہ کی مناسبت سے ہونے والی فوجی پریڈ میں بھی شرکت کریں گے۔