ویب ڈیسک: ٹک ٹاکر سامعہ حجاب کے مبینہ اغواء کیس میں نیا موڑ سامنے آگیا ہے، جہاں سوشل میڈیا پر دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ متاثرہ خاتون اور ملزم کے درمیان پہلے سے رابطے موجود تھے۔
تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ 'ایکس' (سابقہ ٹوئٹر) پر عمر ملک نامی صارف نے ٹک ٹاکر کی دسمبر 2024 کی ایک انسٹاگرام اسٹوری کا اسکرین شاٹ شیئر کیا ہے جس میں مبینہ اغواء کار حسن زاہد کو سامعہ حجاب کی سالگرہ کی تقریب میں موجود دیکھا جا سکتا ہے۔
عمر ملک نے اپنی پوسٹ میں الزام عائد کیا کہ سامعہ حجاب نے مبینہ طور پر حسن زاہد سے مہنگے تحائف لیے اور اب معاملے کو ایک اور رنگ دیا جا رہا ہے۔ اس نے دعویٰ کیا کہ لڑکا صرف اپنا چھ لاکھ روپے مالیت کا موبائل واپس لینے آیا تھا۔
اسلام آباد پولیس نے چند روز قبل تھانہ شالیمار کی حدود سے حسن زاہد نامی ملزم کو گرفتار کیا تھا۔ سامعہ حجاب نے بھی اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ملزم کی گرفتاری کی تصدیق کی تھی، تاہم پولیس نے ابھی تک نہ ملزم کی تصویر جاری کی ہے اور نہ ہی کوئی تفتیشی رپورٹ یا سرکاری بیان سامنے آیا ہے۔
ذرائع کے مطابق شالیمار پولیس کی جانب سے ملزم سے تفتیش جاری ہے، تاہم عمر ملک کے دعوے کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی۔