درِ نایاب: عید الاضحیٰ کے موقع پر شہریوں کی حفاظت کے پیشِ نظر پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی ( پی ایچ اے) نے باغات میں عارضی مکینیکل جھولوں کی تنصیب پر پابندی عائد کر دی ہے۔
ڈی جی پی ایچ اے راجہ منصور احمد کے مطابق صرف وہی جھولے نصب کرنے کی اجازت ہوگی جو مستقل بنیادوں پر لگے ہوں اور ان کے پاس باقاعدہ فٹنس سرٹیفکیٹ موجود ہو۔
انہوں نے ہدایت کی کہ تمام ضلعی ایجنسیاں اس بات کو یقینی بنائیں کہ ہر جھولا حفاظتی معیار پر پورا اترتا ہو۔
پی ایچ اے حکام نے ضلعی انتظامیہ کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ محکمہ داخلہ کے جاری کردہ نوٹیفکیشن پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں۔
ڈی جی راجہ منصور احمد کا کہنا تھا کہ عید کے دنوں میں پی ایچ اے کے اہلکار ڈیوٹی پر موجود رہیں گے اور افسران ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیں گے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
مزید برآں، پی ایچ اے کا عملہ عید کے دوران باغات میں صفائی کے خصوصی انتظامات بھی یقینی بنائے گا تاکہ شہریوں کو صاف ستھرا اور محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔