ویب ڈیسک:سپریم کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان اور رکن قومی اسمبلی شیرافضل مروت کی دھاندلی کیخلاف درخواستیں سماعت کیلئے منظور کرلی گئی جبکہ عدالت عظمیٰ کے آئینی بینچ نے درخواستوں پر رجسٹرارآفس کے اعتراضات ختم کردیئے۔
جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 5 رکنی آئینی بینچ نے انتخابات میں مبینہ دھاندلی کیخلاف کیس کی سماعت کی،عدالت عظمیٰ نے سابق وزیراعظم عمران خان اور شیرافضل مروت کی دھاندلی کیخلاف درخواستیں سماعت کیلئے منظور کرلیں اس کے علاوہ آئینی بینچ نے درخواستوں پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات ختم کردیئے،عدالت نے رجسٹرار آفس کو درخواستوں کو نمبر لگانے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ سماعت پر وکلا تیاری کرکے پیش ہوں۔
شیرافضل مروت کے وکیل نے کہا کہ انتظامی سائیڈ پر جوڈیشل اعتراضات کا کوئی جواز نہیں،اعتراضات ختم کئے جائیں،عدالت نے شیر افضل مروت کے وکیل کی اعتراضات ختم کرنے کی استدعا منظور کرلی جبکہ جسٹس امین الدین خان سربراہی میں پانچ رکنی بینچ نے غیر معینہ مدت تک سماعت ملتوی کر دی۔
خیال رہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان اور شیر افضل مروت نے عام انتخابات میں دھاندلی پر جوڈیشل کمیشن تشکیل دینے کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا جبکہ رجسٹرار آفس نے اعتراضات عائد کرکے درخواستیں واپس کر دی تھیں۔